رسائی کے لنکس

محقق و ادیب ڈاکٹر نبی بخش بلوچ انتقال کرگئے


محقق و ادیب ڈاکٹر نبی بخش بلوچ انتقال کرگئے
محقق و ادیب ڈاکٹر نبی بخش بلوچ انتقال کرگئے

پاکستان کے معروف محقق، ادیب اور دانشور ڈاکٹر نبی بخش بلوچ بدھ کے روز دل کے عارضے کے باعث صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 93 برس تھی۔

انہیں منگل اور بدھ کی درمیانی شب دل کا دورہ پڑنے کے باعث حیدرآباد کے مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔

ڈاکٹر بلوچ کا شمار اردو اور سندھی زبان وادب کے اہم ترین لکھاریوں میں ہوتا تھا اور انہیں سندھ کی ثقافت اور تاریخ پر ایک 'اتھارٹی' کی حیثیت حاصل تھی۔

محقق و ادیب ڈاکٹر نبی بخش بلوچ انتقال کرگئے
محقق و ادیب ڈاکٹر نبی بخش بلوچ انتقال کرگئے

انہوں نے سندھ کی لوک داستانوں کے ایک ضخیم مجموعہ کی تدوین کی جو 7 جلدوں پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ ان کے اہم ترین علمی اور تحقیقی کارناموں میں 5 جلدوں پر مشتمل سندھی لغت کی تدوین اور شاہ عنایت اور شاہ عبداللطیف بھٹائی جیسے سندھ کے معروف کلاسیکی شعراء کے مجموعوں کی ترتیب بھی شامل ہے۔

ڈاکٹر بلوچ کو اردو، سندھی، فارسی اور عربی پر عبور حاصل تھا اور انہوں نے ان زبانوں میں سندھ کی ثقافت، ادب، تاریخ اور تہذیب پر درجنوں کتابیں اور تحقیقی مقالے تحریر کیے۔ انہیں ان کی تحقیقی خدمات کے اعتراف میں ہلالِ امتیاز سمیت کئی قومی اور بین الاقوامی اعزازات سے بھی نوازا گیا۔

16 دسمبر 1917 کو صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ کی تحصیل سنجھورو میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر نبی بخش بلوچ نے بمبئی کے جونا گڑھ کالج سے بی-اے، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے عربی میں ایم-اے اور ایل-ایل-بی کی ڈگریاں حاصل کیں۔ 1946 میں وہ امریکہ چلے گئے جہاں انہوں نے کولمبیا یونیورسٹی سے تعلیم میں پی ایچ ڈی کیا۔ ان کے مقالے کا موضوع "پاکستان میں اساتذہ کی تعلیم" تھا۔

امریکہ سے واپسی پر انہوں نے سندھ یونیورسٹی میں پاکستان کا پہلا "ڈپارٹمنٹ آف ایجوکیشن" قائم کیا اور اس کے سربراہ رہے۔ بعد ازاں انہوں نے سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔

ڈاکٹر بلوچ اسلام آباد میں 'بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی' کے قیام میں بھی شریک رہے۔ بعد ازاں انہیں سندھی زبان کے تحفظ اور فروغ کے ادارے 'سندھی لینگویج اتھارٹی' کے قیام کے بعد اس کا پہلا سربراہ مقرر کیا گیا۔

ڈاکٹر بلوچ اپنی وفات تک سندھ یونیورسٹی سے وابستہ اور علمی و تحقیقی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔ ان کی تدفین ان کی وصیت کے مطابق سندھ یونیورسٹی کے حاطے میں دفن ان کے دیرینہ ساتھی اور یونیورسٹی کے بانی وائس چانسلر علامہ آئی آئی قاضی کے پہلو میں کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG